ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی کے ایم ایل اے نریش بالیان کی گرفتاری پر کیجریوال کا سخت ردعمل، پولیس کے کردار پر سوالات

دہلی کے ایم ایل اے نریش بالیان کی گرفتاری پر کیجریوال کا سخت ردعمل، پولیس کے کردار پر سوالات

Sun, 01 Dec 2024 16:54:58  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، یکم دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی نریش بالیان کی گرفتاری پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے دہلی پولیس پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس نے جان بوجھ کر بالیان کے تحفظ کی درخواستوں کو نظرانداز کیا۔ کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ بالیان کو گینگسٹر کپِل سانگوان کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں، لیکن اس کے باوجود پولیس نے کارروائی کرنے کے بجائے الٹا بالیان کو گرفتار کر لیا۔

کیجریوال نے کہا کہ نریش بالیان کو گزشتہ ڈیڑھ سال سے نندو گینگ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ گینگ نے بالیان کے بیٹے اور خاندان کے دیگر افراد کی تفصیلات بھی عوامی طور پر افشا کر دی تھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گینگسٹرز چاہتے تھے کہ بالیان ان کے کہنے پر لوگوں سے زبردستی رقم وصول کریں، ورنہ انہیں قتل کر دیا جائے گا۔

کیجریوال نے پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بجائے اس کے کہ گینگسٹرز کے خلاف کارروائی کی جاتی، دہلی پولیس نے رکن اسمبلی کو ہی گرفتار کر لیا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ظاہر کرتا ہے کہ دہلی کی قانون و انتظام کی حالت کتنی خراب ہو چکی ہے، جہاں شکایت کرنے والے خود نشانے پر ہیں۔‘‘

کیجریوال نے امت شاہ پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہلی میں گینگسٹرز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور شکایت کنندگان کو سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی میں خوف کا ماحول پیدا ہو چکا ہے، جہاں دن دہاڑے گینگسٹرز فائرنگ کرتے ہیں اور کاروباری افراد بھتہ نہ دینے پر قتل کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے دہلی کے پوش علاقے پنچ شیل انکلیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک 64 سالہ شخص کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ انہوں نے دہلی میں خواتین اور سینئر شہریوں کے عدم تحفظ پر بھی تشویش ظاہر کی۔ کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ وہ مسلسل ان مسائل کو اٹھا رہے ہیں لیکن ان پر اور ان کے ارکان اسمبلی پر حملے ہو رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران کیجریوال نے کہا، ’’یہ وقت دہلی کے شہریوں کو انصاف دلانے کا ہے۔ ہم ان گینگسٹرز کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے ہمیں کتنی ہی رکاوٹوں کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے۔‘‘


Share: